ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی داعش معاملہ: معاملے کی روز بہ روز سماعت کے لیئے دفاعی وکیل نے عرضداشت داخل کی

دہلی داعش معاملہ: معاملے کی روز بہ روز سماعت کے لیئے دفاعی وکیل نے عرضداشت داخل کی

Wed, 10 Oct 2018 00:52:34    S.O. News Service

این آئی اے کو 3؍دسمبر تک جواب داخل کرنے کا حکم خصوصی این آئی اے عدالت نے دیا ، گلزار اعظمی 
ممبئی9؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍ٓپریس ریلیز) ملک کی راجدھانی دہلی اور دیگر ر یاستوں سے دہشت گردی کے الزمات اور ممنوع دہشت گرد تنظیم داعش سے روابط رکھنے کے معاملے میں گرفتار کئے گئے ملزمین کے مقدمہ کی تیز سماعت کیئے جانے کے تعلق سے آج ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے وکیل ایم ایس خان نے دہلی کی خصوصی این آئی اے عدالت میں عرضداشت داخل کی ہے جس پر خصوصی جج نے این آئی اے کو نوٹس جاری کیا ہے اور ۳دسمبر تک عدالت میں تحریری جواب داخل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ یہ اطلاع آج یہاں ممبئی میں جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے دی۔

گلزار اعظمی نے بتایا ایڈوکیٹ ایم ایس خان نے عرضداشت داخل کرتے ہو ئے خصوصی جج پونم بمبائی کو بتایا کہ این آئی اے قانون کی دفعہ ۱۹؍ کے تحت این آئی اے کے ذریعہ تفتیش کردہ مقدمات کی سماعت ورز بہ روز ہونا چاہئے لیکن اس معاملے میں تین سال کا عرصہ گذار جانے کے باوجود ابھی تک ۱۶؍ ملزمین پر فرد جرم (چارج فریم) نہیں کیا گیا ہے ۔

ایڈوکیٹ ایم ایس خان نے عدالت کو بتایا کہ اسپیڈی ٹرائل ملزمین کا حق ہے جس سے انہیں محروم رکھا جارہا ہے ، ایک جانب انہیں ضمانت بھی نہیں دی جارہی اور دوسری جانب ان کے مقدمہ کی سماعت نہایت سستی سے جاری ہے جس سے ملزمین اور ان کے اہل خانہ دل برداشتہ ہوچکے ہیں۔ 

ایڈوکیٹ ایم ایس خان نے ملزمین ابو انس، محمد افضل، محمد حسین خان، نجم الہدی، سہیل احمد، محمد علیم، آصف علی، سید مجاہد، مدبر مشتا ق شیخ، محمد عمران خان، محمدشریف معین الدین خان، مفتی عبدالسمیع ، عدنان حسین ، محمد فرحان شیخ محمد عظیم الدین، محمد اسامہ، محمد اخلاق الرحمن، محمد معراج، محسن ابراہیم کی جانب سے این آئی اے عدالت میں مقدمہ کی تیز سماعت کے لیئے عرضداشت داخل کی ہے جس پر عدالت نے این آئی اے سے جواب طلب کیا ہے۔

گلزاراعظمی نے کہا کہ مقدمہ کی سماعت میں دیری کی وجہ سے جمعیۃ علماء نے نچلی عدالت اور دہلی ہائی کورٹ میں ملزمین کی ضمانت عرضداشتیں داخل کیں ہیں جس پر جلد سماعت متوقع ہے نیز آج عدالت نے این آئی اے کو نوٹس جاری کرکے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ وہ بھی مقدمہ کی جلد از جلد باقاعدہ سماعت شروع کیئے جانے کے حق میں ہے۔


Share: